کراچی, (اسپورٹس رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی نے ایچ ای سی آل پاکستان انٹر ورسٹی آرچری چیمپئن شپ جیت لی۔آئی بی اے کراچی میں منعقدہ ایونٹ میں میزبان آئی بی اے کراچی نے دوسری اور لاہور یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔فائنل راؤنڈز میں ملک بھر سے 9جامعات کے تیر اندازوں نے اپنی مہارت دکھائی ۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمدتھے جنہوں نے ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے چیمپئن شپ کے انعقاد کے لیے آئی بی اے کی کوششوں کی تعریف کی اور یونیورسٹیوں میں کھلاڑیوں کی مہارت کو فروغ دینے میں ایچ ای سی کے کردار پر روشنی ڈالی، انہوں نے یونیورسٹیوں کو تاکید کی کہ اپنے طلباوطالبات کوکھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائرکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن تھے جنہوں نے فاتح ٹیموں اورکھلاڑیوں میں نقد انعامات، میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔چیمپئن شپ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کے تیر اندازوں نے گولڈ،آئی بی اے کراچی نے سلور اور لاہور یونیورسٹی نے برانز میڈل جیتا۔اس مو قع پر ڈاکٹر اسد الیاس رجسٹرار آئی بی اے، نذیر احمد، ایچ ای سی ریجنل ہیڈ،سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل سید اعجاز علی، جمشید عیسیٰ، آئی بی اے ا سپورٹس منیجراور دیگر یونیورسٹیوں کے اسپورٹس ہیڈ ز بھی موجود تھے۔انہوں نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے کھیل کی تعریف کی اور کہا کہ ایچ ای سی ملک بھر کی جامعات میں کھیلوں کے فروغ میں کوشاں ہے،ہمارا ہدف آئندہ کے نیشنل گیمزمیں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرناہے،آل پاکستان انٹر ورسٹی آرچری چیمپئن شپ سالانہ ایونٹ ہے جو کہ ایچ ای سی کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے اور ہر سال ایک مختلف یونیورسٹی اس کے فائنل راؤنڈز کی میزبان ہوتی ہے۔ چیمپئن شپ کا مقصد یونیورسٹی کے طلباء کے درمیان آرچری کو ایک کھیل کے طور پر مقبول بنانا، صحت مند مقابلوں،ملی اتحاد اوریگانگت کی روح کو فروغ دینا تھا، یہ چیمپئن شپ یونیورسٹیز کی لگن، محنت اور آرچری کو ایک مقابلہ جاتی کھیل کے طور پر فروغ دینے کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔چیمپئن شپ میں جن یونیورسٹیز نے شرکت کی ان میں پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، یونیورسٹی آف لاہور، سپیریئر یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور، سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی، اقرا یونیورسٹی کراچی، اور میزبان یونیورسٹی آئی بی اے کراچی شامل تھی۔