کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد کردہ پی سی بی ریجنل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ ( کراچی ریجن ) کے فائنل میں سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم سر فراز احمد کی قیادت میں ٹیسٹ اور انٹر نیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل جس میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل بھی شامل ہیں پاکستان کرکٹ کلب نے محمد حسین کرکٹ کلب کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر کراچی ریجن کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے فائنل میچ میں محمد حسین کرکٹ کلب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4۔33 اوورز میں 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ عاقب رضوی نے 23 اور شاہ علی ظفر نے 15 رنز بنائے۔ سلو لیفٹ آرم لیگ اسپنر محمد اصغر نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 19 رنز دیکر 5، انٹر نیشنل کرکٹر دانش عزیز نے 4 رنز دیکر 2 اور ٹیسٹ کرکٹر میر حمزہ نے 16 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کرکٹ کلب نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنا لئے۔ انٹر نیشنل کرکٹر عثمان خان نے 4 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 41، ٹیسٹ کرکٹر سرفراز احمد نے 2 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز بنائے۔