کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) نیشنل سلیکشن کمیٹی نے ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ ٹرائی سیریز میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹیمیں حصہ لیں گی جو 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔
ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں ہوگا جس میں پاکستان کو بھارت، عمان اور یو اے ای کے ساتھ گروپ ’اے‘ میں رکھا گیا ہے۔
اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، محمد حارث، ابرار احمد، حسن علی، حارث رؤف، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، صائم ایوب، محمد نواز، حسین طلعت، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سلمان مرزا اور صفیان مقیم شامل ہیں۔
پاکستان کا پہلا میچ ٹرائی سیریز میں 29 اگست کو افغانستان کے خلاف جبکہ ایشیا کپ میں 12 ستمبر کو عمان کے خلاف ہوگا۔