مٹیاری، (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے صوبے بھر کی طرح مٹیاری میں بھی ڈی سی آفس میں کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر گیان چند ایسرانی، خصوصی معاون تنزیلا امِ حبیبہ قمبرانی، پی پی پی رہنما عاجز دھامراہ، ضلعی صدر امیر علی شاہ ہاشمی، ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ، ایس ایس پی راؤ عارف اسلم سمیت سرکاری افسران، بلدیاتی نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گیان چند ایسرانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا مقصد عوامی خدمت ہے، اور اسی مقصد کے تحت سندھ کے ہر ضلع میں کھلی کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے زراعت کی بحالی کیلئے 56 ارب روپے کے پیکج، این آئی سی وی ڈی کے فری کارڈیک نیٹ ورک اور صوبے میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا ذکر کیا، جبکہ منشیات کے خلاف مؤثر کارروائی پر ایس ایس پی مٹیاری کو سراہا۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے صاف پانی کیلئے آر او پلانٹس کی بحالی، ٹوٹی سڑکوں، اسکولوں میں عملے کی کمی، اسپتالوں میں ادویات اور سہولیات کی قلت، صفائی ستھرائی، نالوں اور واٹر سپلائی سمیت متعدد عوامی مسائل پیش کیے۔ خصوصی معاون تنزیلا امِ حبیبہ قمبرانی نے مختلف شکایات کا موقع پر نوٹس لیتے ہوئے آبپاشی، تعلیم، صحت، لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔ انتظامیہ نے کئی مسائل موقع پر حل کیے جبکہ کچھ درخواستیں متعلقہ محکموں کو بھیج دی گئیں۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے عوام سے قریبی رابطے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور ضلع کے تمام آر او پلانٹس کو جلد فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کھلی کچہریاں نہ صرف عوامی مسائل سننے کا ذریعہ ہیں بلکہ انتظامیہ کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔