نواب شاہ، (ویب نیوز) خاتونِ اوّل اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گھر کے مالکانہ حقوق کی اسناد صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ یہ عوام کے محفوظ مستقبل، عزت اور اختیار کی علامت ہیں۔ وہ شہید بینظیر آباد (نواب شاہ) میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز (SPHF) منصوبے کے تحت مالکانہ حقوق کی اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
بی بی آصفہ نے کہا کہ "آج کا دن ہم سب کے لیے فخر کا دن ہے، کیونکہ سندھ حکومت 21 لاکھ گھر تعمیر کر رہی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر گھر کی زمین خاتونِ خانہ کے نام کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک چھت نہیں بلکہ خواتین کے لیے بااختیار ہونے، عزت پانے اور خود کو محفوظ محسوس کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ "یہ قدم نہ صرف موجودہ خواتین کے لیے بلکہ ان کی آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اُن کی عوام دوست سوچ، محنت اور دوراندیشی کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ "آج تک کسی اور صوبے یا سیاسی جماعت نے ایسا جامع اور فلاحی منصوبہ متعارف نہیں کرایا۔
بی بی آصفہ نے اپنے خطاب میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے اس وعدے کا بھی حوالہ دیا کہ ہر شہری کو زمین، پناہ اور عزت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "آج بلاول بھٹو زرداری شہید بھٹو کا وہ خواب پورا کر رہے ہیں۔
آخر میں انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ "انشاء اللہ آپ بھی محفوظ رہیں گے اور آپ کی نسلیں بھی باوقار زندگی گزاریں گی۔