تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سنو نیوز نے کے پی سی سپر سکس کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، ڈان نیوز رنر اپ، جنید شاہ مین آف دی میچ، فاضل جمیلی اور سہیل افضل خان نے ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا

سنو نیوز نے کے پی سی سپر سکس کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، ڈان نیوز رنر اپ، جنید شاہ مین آف دی میچ، فاضل جمیلی اور سہیل افضل خان نے ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) کراچی پریس کلب کے زیراہتمام کے پی سی سپر سکس کرکٹ ٹورنامنٹ شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ فائنل میں سنو نیوز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈان نیوز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فائنل میچ ہفتہ اور اتوار کی شب کراچی پریس کلب میں کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

ڈان نیوز نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن روزنامہ جنگ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ سنو نیوز نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اس ایونٹ میں ملکی و بین الاقوامی میڈیا اداروں کی 32 ٹیموں نے حصہ لیا، تمام میچز ناک آؤٹ سسٹم کے تحت کھیلے گئے اور شفافیت کے لیے غیرجانب دار امپائرز کی خدمات حاصل کی گئیں۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ صحافتی برادری میں باہمی روابط اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ سیکریٹری سہیل افضل خان نے کہا کہ پریس کلب کے پلیٹ فارم سے اس نوعیت کی صحت مند سرگرمیاں صحافی برادری کے اتحاد اور توانائی کی عکاس ہیں، جبکہ اس سال ٹیموں کی کارکردگی پہلے سے بہتر رہی۔

سنو نیوز کے کپتان زاہد غفار نے فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے اتحاد اور محنت سے کامیابی حاصل کی، یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ڈان نیوز کے کپتان نے بھی ٹیم کی عمدہ کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا۔ فائنل کے دوران شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی، جبکہ اراکین نے ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور جوائنٹ سیکریٹری پریس کلب محمد منصف کی خدمات کو سراہا۔

فائنل میں شاندار کارکردگی پر جنید شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان کیا گیا۔ انعامات کی تقریب جلد کراچی پریس کلب میں منعقد کی جائے گی۔ پورے ٹورنامنٹ میں دوستانہ ماحول، کھیل کا جذبہ اور صحافتی برادری کا اتحاد نمایاں رہا۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

آٹھواں الفا اسپورٹس فیسٹیول شاندار انداز میں اختتام پذیر، 70 تعلیمی اداروں کے ساڑھے سات ہزار طلبہ کی شرکت

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) الفا ایجوکیشن نیٹ ورک کے زیر اہتمام آٹھواں الفا اسپورٹس فیسٹیول …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے