کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان واکنگ فٹبال فیڈریشن کی جانب سے سندھ گیمز میں واکنگ فٹبال کو شامل کیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ فیڈریشن کے صدر اختر خان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ایک نئے اور صحت مند کھیل کو فروغ دے گا بلکہ مختلف عمر کے افراد کو بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔
فیڈریشن کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کے واکنگ فٹبال ایک ایسا کھیل ہے جو فٹبال کی طرز پر کھیلا جاتا ہے مگر اس میں دوڑنے پر پابندی ہوتی ہے جس سے چوٹ لگنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ گیمز میں اس کھیل کی شمولیت سے عوام میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ ملے گا اور معاشرے میں مثبت سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان واکنگ فٹبال فیڈریشن کے صدر اختر خان نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں واکنگ فٹبال کو ملک بھر میں مزید فروغ دیا جائے گا اور دیگر صوبوں میں بھی ایسے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کھیل سے مستفید ہو سکیں۔