کراچی،(اسپورٹس رپورٹر) سندھ جرنلسٹس اسپورٹس ایسوسی ایشن (سجاس) کے اگلے دو سال کے لیے انتخابات 27-2026 کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جو 4 فروری 2026 کو ہوں گے۔ یہ فیصلہ سجاس کی سالانہ جنرل کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا۔
سجاس کی سالانہ جنرل کونسل کا اجلاس صدر محمود ریاض کی زیر صدارت بدھ 14 جنوری 2026 کو کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم نے آبزرور کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ سجاس کے عہدیداران اور جنرل کونسل کے ارکان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ جنرل کونسل نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی متفقہ منظوری دی۔ سیکریٹری شاہد ساٹی نے سجاس کی دو سالہ کارکردگی اور سالانہ رپورٹ پیش کی، جس پر ارکان نے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر، سیکریٹری اور دیگر تمام عہدیداران کو شاندار کارکردگی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں سالانہ بجٹ 25-2024 کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی گئی، جبکہ جنرل کونسل نے اتفاقِ رائے سے 4 فروری 2026 کو سجاس کے آئندہ دو سال کے انتخابات کے انعقاد کی منظوری بھی دے دی۔