کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) سندھ کے ثقافتی ورثے کی علامت ملاکھڑا کو سندھ حکومت کی بھرپور سرپرستی حاصل ہوگئی۔ محکمہ کھیل سندھ نے سچل گوٹھ میں دو روزہ آل سندھ ملاکھڑا ایونٹ کا افتتاح کیا، جس میں صوبے کے 30 اضلاع کے 100 سے زائد پہلوان شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ڈی ایس اوز سید اسماعیل شاہ، سنی پرویز، محمد عثمان، شکیل احمد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
ایونٹ میں سندھ کے مشہور ملھ پہلوان قربان ہوتھیپوٹو، مبارک ملاح، جان محمد لنڈ اور منٹھار بگٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریفوں کو چت کیا۔ بدین سے پہلوان منظور بھٹی اور معشوق گوپانگ جبکہ کراچی سے بجلی خاصخیلی بھی مقابلوں میں شریک ہیں۔
محکمہ کھیل سندھ کے ترجمان کے مطابق حکومت دیہی اور روایتی کھیلوں کی مکمل سرپرستی کر رہی ہے۔ ملاکھڑا کے انعقاد کا مقصد سندھ کے روایتی کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو اپنی ثقافت و روایات سے جوڑنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ “ملاکھڑا سندھ کی پہچان ہے، ہم چاہتے ہیں اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے۔”