کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہئے،بھارتی حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت دے، آئی سی سی کسی ایک ملک کے کہنے پر پاکستان سے میزبانی واپس نہیں لے سکتا،صدر زرداری سے ملاقات میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد میں کردار ادا کرنے کے لئے کہوں گا، انشاء اللہ اگلے سال پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرکے تاریخ رقم کردے گا،ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے ٹیمیں پاکستان آئیں گی، دعا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر چیمپئنز ٹرافی جیتے، ٹورنامنٹ کے میچز کے لئے کراچی کا انتخاب کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہو، کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز ہونا اعزاز ہوگا، میچز کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی تمام تر بلدیاتی سہولیات فراہم کرے گی، چیمپیئنز ٹرافی کا بلدیہ عظمیٰ کراچی آنا اور اسے چھونا ہمارے لئے لمحہ فخریہ ہے،یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ چیمپئنز ٹرافی کی آمد پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،میئر کراچی اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے مل کر کے ایم سی بلڈنگ میں چیمپئنز ٹرافی کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرکرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، ممتاز تنولی اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کرکٹ ہمیں ایک پیج پر متحد کردیتی ہے، کچھ عرصہ قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے بھارت گئی تھی اسی طرح بھارتی کرکٹ ٹیم کو بھی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے پاکستان آنا چاہئے، اس ٹورنامنٹ کا ہائیبرڈ ماڈل پر جانا مناسب نہیں ہوگا، کرکٹ کے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ہونی چاہئے تاکہ اس مقبول ترین کھیل کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے میں کوئی رکاوٹ نہ رہے اور کرکٹ کے ذریعے بین الاقوامی یکجہتی اور امن کی کوششوں کو فروغ ملے، میئر کراچی نے کہا کہ اگر چیمپئنز ٹرافی کے لئے بھارت کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئی تو ان کی بہترین میزبانی کی جائے گی اور ہم یہ دنیا کو بتا دیں گے کہ پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے اور اپنے ملک میں کھیلنے کے لئے آنے والے غیر ملکی مہمانوں کا کھلے دل سے استقبال کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس مرتبہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم میڈیا میں اس حوالے سے متضاد اطلاعات گردش کر رہی ہیں جن میں ہائیبرڈ ماڈل بھی شامل ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی دوسرا ملک بھی ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کرے لیکن میری رائے میں ایسا کرنا ٹھیک نہیں ہوگا اور کسی بھی ایک ملک کے لئے ٹورنامنٹ کے شیڈول میں ترمیم کرنا قانونی اور اخلاقی طور پر بھی جائز نہیں ہوسکتا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے میچز کا شیڈول فائنل ہو جائے تو بلدیہ عظمیٰ کراچی ٹورنامنٹ کے میچز کراچی میں منعقد کرنے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور ہمیں پوری امید ہے کہ شائقین کرکٹ کو چیمپئنز ٹرافی کے دوران بہترین اور اعلیٰ معیار کا کھیل دیکھنے کو ملے گا، چمپئنز ٹرافی 2017کے بعد 2025میں منعقد ہو رہی ہے اور شائقین کرکٹ کو ورلڈ کپ کے بعد 50 اوورز کی کرکٹ کے دوسرے بڑے عالمی ٹورنامنٹ کا شدت سے انتظار ہے، چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے دیگر ممالک سے آنے والی ٹیموں کا کراچی میں شاندار استقبال کیا جائے گا، کراچی کرکٹ کے مداحوں کا شہر ہے اور کراچی کے شہری جلد از جلد اپنے شہر اور ملک میں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
Home / اہم خبریں / انشاء اللہ اگلے سال پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرکے تاریخ رقم کردے گا، ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے ٹیمیں پاکستان آئیں گی، میئر کراچی مرتضی وہاب