کراچی، (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کراچی پولیس کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں یہ منصب اور عزت بخشی۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد اور تعریفی کلمات پر کراچی پولیس اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن قائم ہونا پولیس افسران اور اہلکاروں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے "آج اگر سندھ پولیس کامیاب ہے تو میں بھی کامیاب ہوں،” آئی جی سندھ نے کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا کام بنیادی طور پر انصاف سے جڑا ہے، اسی لیے ہر فیصلے میں انصاف، اخلاق اور قانون کو مقدم رکھنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ کچھ فیصلے ایسے بھی ہوئے جو بظاہر انفرادی افسران کے خلاف لگتے تھے، مگر وہ محکمہ جاتی بہتری کے لیے ضروری تھے۔ “غلط کام پر سزا اور اچھے کام پر انعام سے ہی محکمہ مضبوط ہوتا ہے۔‘‘
آئی جی سندھ نے صوبے کے 2576 شہداء جن میں سے 1072 کا تعلق کراچی سے ہے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی قربانیوں کی بدولت آج صوبے میں امن قائم ہے۔ انہوں نے کرائم ریٹ میں نمایاں کمی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت پوری فورس کو شاباش دی اور کہا کہ سندھ پولیس اسی جذبے سے کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے ایس ایس یو کو کراچی پولیس کا ’’چہرا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ یونٹ عالمی معیار کے مطابق پولیسنگ کر رہا ہے، جبکہ اے وی ایل سی، اے وی سی سی اور سی ٹی ڈی نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ شہر کی شاہراہوں، مارکیٹوں اور ہوٹلوں میں بڑھتا ہوا رش کراچی میں امن کی علامت ہے، جبکہ کمیونٹی پولیسنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اہم قدم ہے۔ ٹریفک نظام میں بہتر انتظامات سے ٹریفک پولیس کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پولیس کے تمام پروپوزلز منظور کیے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔
تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک اور ڈی آئی جی سیکیورٹی نے آئی جی سندھ کو یادگاری شیلڈز اور تصویری البم، پینٹنگ پیش کی، جبکہ آئی جی سندھ سمیت تمام افسران نے پولیس ملازمین کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔