کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسپورٹس رپورٹر) کراچی میں پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آئی ایم سی اوور فورٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شاندار آغاز ہوگیا، جہاں افتتاحی روز مجموعی طور پر چھ میچوں کے فیصلے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں پر 134 رنز بنائے جن میں طارق محمود کے 45 اور کپتان عبدالرزاق کے 36 رنز شامل تھے۔
ہدف کے تعاقب میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم نے سخت مزاحمت کی مگر پاکستانی بولرز نے بھرپور ذمہ داری نبھائی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سہیل خان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے چار اوورز میں 29 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جنوبی افریقی بیٹر وارنر مولن نے 55 رنز بناکر ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کی مگر فیصلہ کن موقع پر سہیل خان کا شکار بنے۔
افتتاحی روز دیگر میچوں میں بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے ساؤتھ اینڈ کلب میں امریکہ نے ریسٹ آف دی گلف کو 24 رنز سے شکست دی جبکہ متحدہ عرب امارات نے ہانگ کانگ کے خلاف 31 رنز سے فتح اپنے نام کی۔ کراچی جمخانہ میں ویسٹ انڈیز نے کینیڈا کے 122 رنز کے جواب میں صرف تین وکٹوں پر ہدف حاصل کرکے کامیابی سمیٹی، جب کہ ریسٹ آف دی ورلڈ نے زمبابوے کو 54 رنز سے ہرا دیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے مات دے دی آسٹریلیا نے سات وکٹوں پر 147 رنز اسکور کیے تھے، جس کے جواب میں سری لنکا نے 19ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا فاتح ٹیم کے منجولا گروک اور مارلن فرنینڈو نے 35،35 رنز کی اہم اننگز کھیلیں اور ٹیم کو کامیابی دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔