لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) لاڑکانہ میں محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ کے تعاون سے آل سندھ موئن جو دڑو ہاکی چیمپین شپ کے تیسرے روز شہر کے کھوڑو اسپورٹس کمپلیکس میں پہلا میچ یوتھ ہاکی کلب کراچی اور مہران ہاکی کلب سکھر کے درمیان کھیلا گیا جس میں کراچی کی ٹیم نے سکھر کی ٹیم کو 2-6 گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی جس میں فاتح ٹیم کی جانب سے وہاب سینئر، سلطان، وہاب جونیئر، شاہزیب، حارث اور شاہزیب نے ایک ایک گول اسکور کیے جبکہ سکھر کی جانب سے ونی کمار اور روہن نے ایک ایک گول اسکور کیے، میچ کے مہمان خاص اسسٹنٹ کمشنر جنرل طفیل احمد شیخ تھے، دوران میچ غفران بخاری اور ممتاز علی نے امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے، دوسرے میچ میں مہران ہاکی کلب حیدرآباد کی ٹیم نے شہید ملت ہاکی کلب شہید بے نظیر آباد کی ٹیم کو 7-1 گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی جس میں فاتح ٹیم کی جانب سے منور اور حاسان 2، 2 جبکہ اویس اور یاسر نے ایک ایک گول اسکور کیے اسی طرح شہید بے نظیر آباد کے کھلاڑی محمد ایوب نے واحد گول اسکور کیا، میچ کے مہمان خاص ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن سکھر کے صدر محمد عارف تھے، دوران میچ عرفان علی ڈہوٹ اور زاہد علی نے امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے، اعلامیہ کے مطابق ٹورنامینٹ کے سیمی فائنل میچز آج کھیلے جائیں گے جہاں پہلے سیمی فائنل میں لاڑکانہ اور جامشورو جبکہ دوسرا سیمی فائنل کراچی اور حیدرآباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔