کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ قوم کو خوشنما نعروں کے پیچھے لگا کر مسائل کے دلدل میں دھکیلا جارہا ہے، موجودہ حکمراں سلیکٹڈ اور عوام کے مسترد شدہ ہیں عوامی مسائل کے حل سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے کراچی میں موجود اراکین مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اراکین عاملہ مولانا عبد الکریم عابد، محمد اسلم غوری ، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، امین اللہ و دیگر شریک ہوئے۔
علامہ راشد محمود سومرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سرکار صوبے کو اپنی ملکیت سمجھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے، ایکسپو سینٹر کراچی میں اپنی جانوں پر کھیل کر کورونا ویکسینیشن کرنے والا عملہ گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہے، ملازمین کو فی الفور تنخواہیں ادا کی جائیں، صوبے کے تمام ہسپتال تباہی کے دہانے پر ہیں، انہوں نے کہا کہ شکارپور سول ہسپتال کی حالت زار یہ ہے کہ وہاں پیناڈول کی اک گولی تک میسر نہیں، ریڈیالوجی کا کوئی ڈاکٹر تک موجود نہیں مریضوں کو سکھر اور لاڑکانہ بھیجا جارہا ہے جو حکومتی غفلت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کا عزم کر رکھا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ضلع غربی کی جغرافیائی حدود میں رد و بدل اور نئے ضلع کیماڑی بننے پر دونوں اضلاع میں از سرنو تنظمی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے انتخابات کئے جائیں گے۔ دونوں اضلاع میں الیکشن 4 اور 5 اکتوبر کو منعقد ہوں، اراکین مجلس عمومی کو جلد ہی دعوت نامے جاری کر دیئے جائیں گے۔