کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے میں بہت بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے باوجود اس وقت قیمتیں بڑھانے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ اس اقدام سے صرف پٹرولیم ملٹی نیشنل کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا جنہوں نے بحران میں خود غرضی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل جس نے نقصان ہونے کے باوجود سپلائی برقرار رکھی، اسے اس اقدام سے نقصان ہوگا۔ قومی کمپنیوں کو کھوکھلا کر کے اونے پونے بیچنے کی سازش کے پیچھے عناصر کو بے نقاب کر کے قوم کے سامنے لایا جائے اور انہیں عبرت ناک سزائیں دی جائیں۔ پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والے اس اضافے سے پی ٹی آئی حکومت نے اپنی نا اہلی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے، یہ حکومت نہ مافیاز کو کنٹرول کر سکتی ہے نہ عوام کو ریلیف دے سکتی ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کرہ بیان میں خلیل احمد تھند نے کہا کہ وفاق کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 25.38 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 21.31، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23.50 اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 17.84 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ماضی میں پٹرولیم نرخوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام کو مکمل طور پر نہیں پہنچایا گیا کہ اب پٹرولیم نرخوں میں بھاری اضافہ کا بم گرا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی بم بھی عوام پر گرا دیا۔ ایل پی جی کی قیمت بھی 5 روپے فی کلو تک بڑھا دی گئی ہے۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے باعث دنیا بھر میں پٹرولیم نرخوں میں نمایاں کمی ہوئی لیکن پی ٹی آئی حکومت نے ایک طرف پٹرولیم نرخوں میں کمی کی اور دوسری طرف پٹرولیم لیوی میں اضافہ کردیا۔ عوام ابھی لاک ڈاؤن اور معاشی صورتحال کی تباہی سے باہر نہیں نکل سکی تھی کہ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرولیم نرخوں میں اضافہ کا تحفہ دے دیا،یہ اضافہ عوام کی پیٹھ پر لدے بوجھ میں آخری تنکا ثابت ہوگا۔ مافیاز کے سامنے جھک کر پی ٹی آئی حکومت نے کمزور ریاست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ عوام مہنگائی بم کی زد میں پہلے سے تھے، اب دھماکہ مزید خطرناک مہنگائی کو جنم دے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد اشیائے خورد و نوش سمیت کسی بھی چیز کی قیمت میں کمی دیکھنے میں نہیں آئی تھی لیکن اضافہ کے بعد ہر چیز کے دام آسمان کو چھونے لگیں گے۔ یہ اضافہ مرے کو سو درے کے مترادف ہے، فوری واپس لیا جائے۔ پیٹرول مافیا کے سامنے جھک کر عمران خان نے اپنے آپ کو تاریخ کا کمزور ترین حکمران ثابت کر دیا ہے۔ طاقتور مافیاز کے سامنے کمزور ریاستی ڈھانچہ چاروں شانے چت ہو چکا ہے جو کہ ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن کی رحلت پر گہرے غم اور افسوس کا اظہار
https://www.nopnewstv.com/former-pakistan-…cket-captain-and/