کراچی (ویب مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا نیا آئی فون 13 متعارف کروا دیا ہے۔ اس نئے آئی فون ماڈل میں ویڈیوز اب ‘پورٹریٹ موڈ’ میں بھی بنائی جا سکیں گی اور اس میں بھی اب صارفین کو منظر اور پس منظر کی گہرائی اور بہتر رزلٹ مل سکے گا۔ ایپل کے مطابق اس نئے آئی فون 13 میں ویڈیوز کے لیے ایک نیا فیچر ‘سنیماٹک موڈ’ بھی متعارف کروایا گیا ہے جس میں کیمرہ فریم میں آنے والے فرد کی شناخت کر کے فوکس اس جانب کر دے گا۔ کمپنی نے کیمرے فوکس کی تبدیلی کو ‘پل فوکس’ کا نام دیا ہے۔
کمپنی کے سی ای او ٹم کک کے مطابق نیا آئی فون 13 وہ واحد سمارٹ فون ہے جو صارفین کو ویڈیو بنانے کے بعد بھی ایفیکٹ ایڈٹ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ تاہم، آئی فون کے نئے ماڈل کی زیادہ تر دیگر نئے آئی فون میں پانچ سو جی بی تک کی سٹورج دی گئی ہے اور اس ماڈل میں کم سے کم سٹوریج 128 جی بی ہے جو گذشتہ ماڈلز میں 64 جی بی تک تھی۔ آئی فون کمپنی کی ایک عہدیدار کے مطابق اس بار ایپل نے اپنے نئے فونز کی تیاری میں بہت سی ری سائیکل اشیا کا استعمال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صنعت میں پہلی مرتبہ اس فون کے انٹینا کو ری سائیکل کی گئی، پانی کی پلاسٹک کی بوتلوں سے بنایا گیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ایپل نے اس بار اور بھی بہت کچھ متعارف کروایا ہے جن میں آئی فون 13 کے ساتھ ساتھ آئی فون 13 منی، آئی فون 13 پرو، اور آئی فون 13 پرو میکس ماڈل بھی متعارف کروائے ہیں۔ آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس ماڈلز میں تین کیمرے ہیں جنھیں ایپل ‘اب تک کے سب سے جدید کیمرہ سسٹم’ قرار دیتا ہے۔ اس کے پریمئم ماڈلز میں سپر ریٹینا ایکس ڈی آر ڈسپلے اور پروموشن جیسے فیچرز بھی ہیں۔ جو ویڈیو کو ایک نئی جدت دیتے ہیں۔ اس کے باعث سکرولنگ، اینیمیشن اور گیمنگ میں نئی جدت اور آسانی پیدا ہوتی ہے۔ ایپل کے نئے آئی فون 13 میں تیز پروسیسنگ کے لیے اے 15 چپ لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس کا ڈسپلے زیادہ روشن ہے، اور اس کی بیٹری لائف ڈھائی گھنٹے زیادہ چلتی ہے۔
اس نئے آئی فون کو دیدہ زیب گلابی، نیلے، ‘مڈنائٹ سٹارلائٹ’ اور لال رنگوں میں متعارف کیا گیا۔ نئے آئی فون 13 منی کی قیمت 679 برطانوی پاؤنڈز (ایک لاکھ 57 ہزار روپے) سے شروع ہوتی ہے، آئی فون 13 کی قیمت 779 پاؤنڈز ( ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد) آئی فون 13 پرو کی قیمت 949 پاؤنڈز (2 لاکھ 20 ہزار سے زائد) سے شروع ہوتی ہے جبکہ آئی فون پرو میکس کی قیمت 1049 پاؤنڈز (یعنی 2 لاکھ 43 ہزار روپے سے زائد) سے شروع ہوتی ہے۔