کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں میر رضا کیس کی سماعت ہوئی، جس میں کیس کے تفتیشی افسر، مدعی مقدمہ کے وکیل جبران ناصر اور دیگر فریقین پیش ہوئے سماعت کے دوران مشتبہ افراد علی شاذ اور احمد بھاردے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور واٹس ایپ ریکارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے سے متعلق درخواست پر دلائل دیے گئے۔ وکیل مدعی مقدمہ نے عدالت کو بتایا کہ واٹس ایپ اور فیس بک اکاؤنٹس کی تفصیلات صرف میٹا فراہم کرسکتا ہے جبکہ جوڈیشل کمیشن نے بھی ان دونوں افراد سے متعلق مزید تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کی درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم اس پر کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔
سماعت کے دوران عدالت نے علی شاذ اور احمد بھاردے سے متعلق استفسار کیا جس پر بتایا گیا کہ دونوں مشتبہ افراد عدالت میں موجود ہیں ان کے وکیل نے تفتیشی افسر کی درخواست پر کوئی اعتراض نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا عدالت نے دونوں افراد کے موبائل فونز اور ان لاک کیے جانے سے متعلق بھی سوالات کیے، جس پر وکیل مدعی مقدمہ نے بتایا کہ موبائل فون کھل نہیں سکے جبکہ ایپل واچ کھولنے کی کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی مزید بتایا گیا کہ ایپل کو دوبارہ ای میل ارسال کی گئی ہے اور کمپنی کی جانب سے معلومات کی فراہمی کا عمل جاری ہونے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ جے آئی ٹی نے گزشتہ روز 14 روز کی مہلت طلب کرنے کے علاوہ کیا پیش رفت کی؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ اب تک 7 گواہان کو جے آئی ٹی میں پیش کیا جاچکا ہے بعدازاں عدالت نے علی شاذ اور احمد بھاردے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات کے حصول سے متعلق تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرلی، جبکہ کیس کا چالان جمع کرانے کے لیے مزید 14 روز کی مہلت دینے کی درخواست بھی منظور کرلی۔
![]()