کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ بھر کے سرکاری کالجز میں ساتویں صوبائی کالجز گیمز 2026-27 کے انعقاد کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں سیکریٹری کالجز سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کھیلوں کے شیڈول، انتظامی امور، مختلف کمیٹیوں کی تشکیل، طلبہ کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور ذمہ داریوں کی تقسیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کالجز سندھ ندیم میمن نے بتایا کہ ساتویں صوبائی کالجز گیمز کا آغاز 9 دسمبر 2026 کو کراچی سے ہوگا، جبکہ افتتاحی تقریب دسمبر کے دوسرے ہفتے کراچی میں منعقد کی جائے گی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھیلوں کے انتظامات بروقت مکمل اور ضروری کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اس کے علاوہ شریک طلبہ کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پولیس اور رینجرز حکام سے رابطہ کرنے جبکہ اسپانسرشپ، رہائش اور دیگر سہولیات کے حصول کے لیے محکمہ کھیل سے تعاون حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔