سانگھڑ، (رپورٹ، رضوان غوری) ٹنڈوآدم میں نیو اسٹار پین پال کلب سندھ کے صوبائی صدر فہیم قریشی کمانڈو کی میزبانی اور چیف ایڈمن جمال الدین عالی کی زیرِ صدارت شاہ عبداللطیف میونسپل لائبریری میں پروقار تقریبِ تقسیمِ ایوارڈز منعقد ہوئی، جس میں سماجی، ادبی، سیاسی، ثقافتی اور صحافتی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمال الدین عالی، شہزاد انجم، عابد اکرم ایڈووکیٹ، نوا نور، مرزا اشفاق بیگ، فہیم قریشی کمانڈو اور دیگر مقررین نے کہا کہ پین پال کلب محض ایک تنظیم نہیں بلکہ محبت، بھائی چارے، رواداری اور انسانی خدمت کے فروغ کا پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد معاشرے سے نفرت، تعصب، لسانیت اور ہر قسم کی تفریق کا خاتمہ کرکے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔
مقررین نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ادب، کھیل اور مثبت سماجی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تقریب میں معروف شاعرہ یاسمین زاہد نے اپنا کلام پیش کیا جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔ سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے پر سر حنیف اصغر، شاعرہ یاسمین زاہد، سید شہزادی، لبنیٰ وقار، عروج فاطمہ، رابعہ نور، ملک صغیر، عالمگیر خان، رانا سلیم راجپوت، ندیم کشمیری، اکبر شیخ، عمران جگنو اور فاروق عباسی کو اعترافِ خدمات کے ایوارڈز دیے گئے۔ معزز مہمانوں اور پریس کلب ٹنڈوآدم کے ذمہ داران کو اجرک اور لونگیاں پہنائی گئیں جبکہ پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔ تقریب میں ننھے سماجی کارکن محمد عرشمان غوری نے بھی خصوصی شرکت کی، جبکہ اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔