کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے حیدرآباد ایئرپورٹ کو طویل عرصے بعد دوبارہ فضائی آپریشن کے لیے فعال کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے ذرائع کے مطابق منصوبے پر جلد عملی کام شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ ایئرپورٹ کو خراب موسم اور ہنگامی صورتحال میں کراچی، سکھر اور نواب شاہ کے متبادل ہوائی اڈے کے طور پر استعمال کیا جائے گا منصوبے کے تحت موجودہ رن وے کی لمبائی 7 ہزار فٹ سے بڑھا کر تقریباً 11 ہزار 500 فٹ کرنے کی تجویز ہے، جس کے بعد بوئنگ 777 سمیت بڑے مسافر طیارے بھی یہاں لینڈ اور ٹیک آف کرسکیں گے ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولیات میں بہتری بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔
حیدرآباد ایئرپورٹ کی بحالی سے شہر سے اندرون ملک پروازوں کی دوبارہ شروعات کے امکانات بھی پیدا ہوگئے ہیں جس سے حیدرآباد کو علاقائی فضائی مرکز بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی سکھر یا نواب شاہ میں موسم یا کسی ہنگامی صورتحال کے باعث پروازوں کی لینڈنگ ممکن نہ ہونے کی صورت میں انہیں حیدرآباد منتقل کیا جاسکے گا اور مسافروں کو سڑک کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا جائے گا حیدرآباد ایئرپورٹ سے آخری کمرشل مسافر پرواز 2013 میں پی آئی اے نے چلائی تھی۔