حیدرآباد، (نوپ نیوز) سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ٹرسٹ کے زیر اہتمام چیئرمین الحاج گلشن الٰہی قادری چشتی فریدی کی زیرسرپرستی سیدنا سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے سالانہ 9 روزہ عرس مبارک کی پہلی نشست منعقد ہوئی، جس سے ممتاز عالم دین و خطیب اہل سنت حضرت علامہ مولانا کوکب نورانی اوکاڑوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے مخلص بندوں پر شیطان کا زور نہیں چلتا، دنیا ایک میلہ ہے جہاں ایمان کے جیب کترے گھوم رہے ہیں، اس لیے کسی اللہ والے کا ہاتھ تھام کر چلنا چاہیے، اکیلے چلنے والا لٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو دوست رکھنے والا مرد نہیں بلکہ اللہ کی طلب رکھنے والا مرد ہوتا ہے، مرشد کا کام راستہ دکھانا اور پیر کا کام اللہ کے قریب کرنا ہے۔ دنیا سے محبت اور مرید کی جیب پر نظر رکھنے والا پیر نہیں ہوسکتا۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے اپنے بیٹے کو عالم دین بنانے پر پیر الحاج گلشن الٰہی قادری کو مبارکباد بھی دی۔
مفتی سہیل رضا امجدی نے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات قرآن و سنت کے مطابق ہیں، غصے پر قابو پانے اور لوگوں کو معاف کرنے والے ہی حقیقی ایمان والے ہیں۔ مومن کا شیطان قید ہوتا ہے، آزاد نہیں۔ ہمارا سر سجدے میں جبکہ دل دنیا میں لگا ہوا ہے، نیک اولاد کی خواہش رکھنے والے والدین کا خود نیک ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے سیدنا غوث اعظمؒ کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مفتی محمد عامر نقشبندی نے کہا کہ اللہ کو یاد کرو، اللہ تمہیں یاد کرے گا، جس طرح اللہ کو یاد کرو گے اسی طرح جواب پاؤ گے۔ ذکر الٰہی سے غافل رہنے والوں کی زندگی تنگ ہوجاتی ہے، رب کی پہچان کے لیے خود شناسی ضروری ہے۔ مفتی حسان الٰہی قادری نے کہا کہ اللہ کی یاد میں دلوں کا چین ہے، ذکر الٰہی ہی سے روحانی منزلیں طے ہوتی ہیں، انسان کو گناہوں سے بچنے اور حقوق العباد کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں محفل حسن قرأت میں مصر سے تعلق رکھنے والے قاری محمد صالح عبداللہ، تنزانیہ کے معروف قاری محمد یاسر مظہری اور دیگر قراء نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی، جبکہ معروف ثناء خواں محمد وسیم، وسیع حیدر علی چوہان، زین العابدین، سید حسان قادری، ابصار رحیم، سرفراز احمد، انس رضا برکاتی، ارشد سہروردی اور دیگر نے بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ محمد رئیس نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ محفل کا اختتام صلوٰۃ و سلام پر ہوا، بعد ازاں ٹرسٹ کے چیئرمین الحاج پیر گلشن الٰہی قادری چشتی فریدی نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی، جبکہ شرکاء کے لیے لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔
عرس مبارک کے تیسرے روز 6 اکتوبر کو مفتی سید غلام دستگیر قادری گیلانی اور علامہ مولانا مفتی ثمر عباس قادری عطاری خصوصی خطاب کریں گے، جبکہ معروف ثناء خواں حافظ محمد احسن قادری، محمد طاہر قادری، سید عمیر شاہ، محمد ذیشان قادری، حافظ عاطف عالم، محمد حسان علی قادری اور دیگر ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ تمام پروگراموں کی نگرانی صاحبزادہ محمد حسان الٰہی قادری چشتی فریدی جبکہ انتظامی امور کی نگرانی صاحبزادہ محمد احسن ناغڑ اور صاحبزادہ محمد فیضان الٰہی کررہے ہیں۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے اراکین اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔