کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے چیف اسکاؤٹ سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز نے گورنر سندھ سے چیف اسکاؤٹ سندھ کے عہدے کا حلف لیا اس موقع پر گورنر سندھ نے اسکاؤٹنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں میں حب الوطنی، نظم و ضبط، خدمتِ خلق اور ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اسکاؤٹنگ کو اسکولوں اور کالجوں میں دوبارہ فروغ دینے کی ضرورت ہے قوموں کی حقیقی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مضبوط نظریہ، نظم و ضبط، علم اور بہترین کردار بھی ناگزیر ہیں نوجوانوں میں پاکستان سے محبت، ملک و قوم کی خدمت اور دوسروں کی مدد کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں اسکاؤٹس قومی تقریبات میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ پاکستان کے سفیر کا کردار بھی ادا کرتے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹس، گرلز گائیڈز اور نیشنل کیڈٹ کور کو دوبارہ فعال اور فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑا جاسکے اور ان کی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ 2047 کا پاکستان ایسا ملک ہونا چاہیے جہاں ہر اسکول اور کالج سے اسکاؤٹس اور گرلز گائیڈز ملک و قوم کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کریں تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے پودا لگا کر شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا۔