کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایس پی آر اے) نے ایجوکیشن جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی قیادت صحافتی اقدار کے فروغ، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور تعلیمی شعبے کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ایس پی آر اے کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ تعلیم کے شعبے سے وابستہ صحافی قوم کے معماروں کی آواز بن کر نہایت اہم قومی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ تعلیم اور صحافت کا مضبوط تعلق معاشرتی ترقی، شعور کی بیداری اور مثبت تبدیلی کی بنیاد ہے۔
ایس پی آر اے کے صدر کامران رضی نے کہا کہ ایجوکیشن رپورٹرز معاشرے میں تعلیمی آگاہی پیدا کرنے اور عوامی شعور کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ جنرل سیکریٹری اکرم بلوچ نے کہا کہ امید ہے نومنتخب کابینہ صحافتی برادری کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے تعلیمی شعبے سے متعلق مسائل کو موثر انداز میں سامنے لائے گی۔
بیان میں سید عسکری، رانا جاوید، انور خان اور نیاز علی کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی آر اے کے صدر کامران رضی،نائب صدر عبدالحمید سومرو، سیکرٹری اکرم بلوچ، جوائنٹ سیکریٹری ارباب علی چانڈیو، سیکریٹری اطلاعات دودو چانڈیو، خزانچی وکیل راؤ اور آفس سیکریٹری سنجے سادھوانی نے بھی نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔