ڈھاکا، (اسپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی میچ ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے اس میچ میں نئی کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو ون ڈے ڈیبیو کا موقع دیا جن میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شمیل حسین اور عبدالصمد شامل تھے۔ تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 30.4 اوورز میں صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان نے 27 اور معاذ صداقت نے 18 رنز بنا کر پہلی وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت قائم کی،
جبکہ فہیم اشرف نے 37 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 100 رنز سے آگے پہنچایا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے فاسٹ بولر نہید رانا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن مرزا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا۔
115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو ابتدا میں ایک وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے سیف حسن کو آؤٹ کیا، تاہم اس کے بعد میزبان ٹیم نے سنبھل کر بیٹنگ کی۔ تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 67 رنز بنائے جس میں سات چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، جبکہ نجم الحسن شانتو نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 15.1 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، تاہم یہ کارکردگی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ اس کامیابی کے ساتھ بنگلہ دیش نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی