کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سیکریٹری محنت سندھ رفیق قریشی نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت صنعتی مزدوروں کے لیے بڑے پیمانے پر فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اب ہر محنت کش خوشحال ہوگا” کیونکہ ورکرز ویلفیئر کارڈ کے ذریعے مزدوروں کی زندگی کا نیا روشن باب کھلے گا۔
سیکریٹری محنت کے مطابق سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے ملک کے 270 سے زائد اسپتالوں میں محنت کشوں کے لیے 7 لاکھ روپے تک کی حادثاتی ہیلتھ انشورنس کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت کش ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
رفیق قریشی نے بتایا کہ جلد 10 ہزار ای موٹر سائیکلیں صنعتی خواتین اور اقلیتی صنعتی مزدوروں میں تقسیم کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف خواتین اور اقلیتوں کو بااختیار بنائے گا بلکہ ماحولیات پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے سلائی مشینوں کی تقسیم بھی جلد شروع کی جائے گی۔ مزید برآں، شادی گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ جیسی سہولیات بھی ورکرز ویلفیئر کارڈ کے ذریعے باآسانی حاصل کی جاسکیں گی۔ اب مزدوروں کو لائنوں میں لگنے کے بجائے کارڈ کے ذریعے تمام سہولتیں فراہم ہوں گی۔
سیکریٹری محنت نے واضح کیا کہ محنت کشوں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جو صنعت اپنے مزدوروں کو رجسٹر نہیں کرے گی، اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے لازمی رجسٹریشن کروائیں۔