لاہور، (ویب، اسپورٹس ڈیسک) پاکستان مینز اور انڈر 23 فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو پاکستان پہنچ گئے۔ فٹبال ہاؤس لاہور آمد پر قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر اور پی ایف ایف کے دیگر اسٹاف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
سولانو نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انڈر 23 اور مینز سینئر ٹیم کا بطور ہیڈ کوچ چارج سنبھال کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے اور سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے۔ ان کے مطابق ٹیم نے میدان کے اندر اور باہر دونوں سطحوں پر محنت کرنا ہے تاہم فوری ہدف اے ایف سی انڈر 23 کوالیفائرز ہیں جو کمبوڈیا میں کھیلے جائیں گے۔ "ہمیں ذہنی طور پر مضبوط رہنا ہوگا، بہترین کھلاڑیوں کو یکجا کرنا ہوگا اور جذبے کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا”، انہوں نے کہا۔
سولانو نے صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے کوچ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "نولبرٹو سولانو اپنے وسیع تجربے اور مضبوط وژن کے ساتھ پاکستان فٹبال کے لیے ایک قیمتی اضافہ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ قومی ٹیم کو ایک بہتر اور مقابلہ کرنے والی ٹیم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔”
قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ کوچ سولانو کی آمد پاکستان فٹبال کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور فیڈریشن ایک مضبوط فٹبال ڈھانچہ قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔