کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے موٹر سائیکلوں کے لیے نئی "اجراک تھیم” نمبر پلیٹس حاصل کرنے کی آخری تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ اس سے قبل یہ ڈیڈ لائن 14 اگست مقرر کی گئی تھی۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے پیر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، سندھ کے وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول، مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے نئی سیکیورٹی فیچرز سے لیس نمبر پلیٹس لازمی قرار دینے کے فیصلے نے کراچی کے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا تھا۔ پرانی پلیٹس رکھنے پر چالان، گاڑیاں ضبط ہونے اور عوامی غصے میں اضافہ دیکھا گیا۔
محکمہ ایکسائز اس وقت نئی پلیٹس کے اجرا میں شدید بیک لاگ کا شکار ہے، جبکہ شہر بھر میں شہری بڑی تعداد میں دفاتر کا رخ کر رہے ہیں۔ تاہم سست رفتار عمل اور ناکافی سہولیات کے باعث پلیٹس کے اجرا میں تاخیر معمول بن چکی ہے۔
ادھر ٹریفک پولیس کی جانب سے پرانی پلیٹس پر گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کے چالان اور متعدد گاڑیاں ضبط کی جا چکی ہیں۔ عوام کا شکوہ ہے کہ واضح ہدایات کے بغیر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
نئی نمبر پلیٹس کی فیس موٹر سائیکل کے لیے 1,850 روپے جبکہ کار کے لیے 2,450 روپے مقرر کی گئی ہے، جس پر شہریوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی رجسٹریشن کے وقت فیس ادا کر چکے ہیں، دوبارہ چارجز کا کوئی جواز نہیں۔
عوام نے محکمہ ایکسائز سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں کیمپس قائم کیے جائیں اور اس عمل کو منظم طریقے سے مکمل کیا جائے، ساتھ ہی ٹریفک پولیس کی مبینہ زیادتیوں کا بھی نوٹس لیا جائے۔