کراچی، (اسپورٹس رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن فٹبال کپ 2024 کے سلسلے میں جمعرات کے روز چار میچ کھیلے گئے جن میں چار مختلف مقامات پر ٹیمیں مدمقابل آئیں پہلا میچ ککری گراؤنڈ لیاری میں صدر ٹاؤن اور نارتھ کراچی ٹاؤن کے مابین کھیلا گیا جس میں صدر ٹاؤن کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دس گول سے نارتھ کراچی ٹاؤن کو شکست دی، دوسرا میچ مادھو گراؤنڈ میں ملیر اور چنیسر ٹاؤن کے درمیان کھیلا گیا، یہ مقابلہ چنیسر ٹاؤن نے ملیر ٹاؤن کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا کر جیت لیا، تیسرا میچ کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم میں ابراہیم حیدری ٹاؤن اور موریرومیربحر ٹاؤن کے درمیان کھیلا گیا جس میں موریرومیربحر ٹاؤن کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی اور ابراہیم حیدری ٹاؤن نے حریف ٹیم کے خلاف تین گول کرکے میچ اپنے نام کرلیا جبکہ چوتھا میچ محمدی فٹبال ملیر میں گلبرگ ٹاؤن اور گلشن ٹاؤن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں گلشن ٹاؤن کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شاندار کامیابی حاصل کی، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024کے سلسلے میں کھیلے جا رہے میچوں میں کراچی کے فٹبال شائقین انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں اور بڑی تعداد میں تماشائی ان میچوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور اچھے کھیل پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی جا رہی ہے، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 میں کل 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں 23 ٹیموں کا تعلق ٹاؤن انتظامیہ سے ہے جبکہ کے ایم سی کی ایک ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت 10 لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، ٹورنامنٹ کے میچز کراچی کے ساتوں اضلاع میں واقع فٹبال گراؤنڈز میں منعقد ہو رہے ہیں جبکہ سیمی فائنل اور فا ئنل فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں سپروائز کرنے کے لئے بین الاقوامی تنظیم فیفا سے منظور شدہ ریفری اور دیگر ٹیکنیکل عملے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ سابق فٹ بالرز اور ماہرین کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت شہر میں منعقد ہونے والے اس پہلے میٹروپولیٹن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کو ہر اعتبار سے معیار کے مطابق بنایا جائے اور فٹ بال کے شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے، ٹورنامنٹ میں مختلف ٹاؤنز کی شرکت کرنے والی ٹیموں کٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔
Home / پاکستان / بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن فٹبال کپ 2024 کے سلسلے میں کھیلے گئے مزید چار میچز کے فیصلے ہو گئے۔