کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ آر او پلانٹس اور پانی کی پندرہ سو اسکیمز، پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی- اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پرائیوٹ گاڑیوں پر سرکاری نمبرز لگانے كے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔ جے آئی ٹی نے جو معلومات مانگیں وہ فراہم کردی گئیں- یہ تاثر غلط ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کا تعلق سندھ حکومت سے ہے۔ سندھ حکومت تحقیقات کے ہر مرحلے پر تعاون کر رہی ہے- مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ سندھ حکومت آئی جی بدلے تو تنقید کی جاتی ہے۔ پنجاب میں آئی جی خود لگا کر ہٹائیں تو کوئی بات نہیں کرتا۔ تھر میں 76 ہزار خاندانوں کو گندم فراہم کی جاچکی ہے جبکہ مزید کام بھی جاری ہے۔
![]()