کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ کا کراچی کی دو بڑی ٹیموں یوتھ ہاکی کلب الیون اور حنیف خان الیون کے درمیان کھیلا گیا، یوتھ ایچ سی نے کھیل کے نویں منٹ میں عبدالوہاب کے گول کی مدد سے برتری حاصل کرلی، 21ویں منٹ میں حنیف خان الیون کے اذلان خان نے گول کرکے برتری ختم کردی، 26 ویں منٹ میں یوتھ الیون نے آفریدی کے گول کے باعث ایک بار پھر سبقت حاصل کرلی تاہم اذلان خان نے 32 ویں منٹ میں ایک بار پھر مقابلہ برابر کردیا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث اذلان خان 38ویں منٹ میں حنیف خان الیون کو 2-3 سے برتری دلادی لیکن یوتھ الیون ہمت نہیں ہاری اور ایک نئے جوش کے ساتھ میدان میں ڈٹی رہی جس کے نتیجے میں کھیل کے اخری لمحات میں افریدی نے ایک بار پھر گیند جال میں پھینک کر مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا، ہر لمحہ رنگ بدلتے کھیل میں مقررہ وقت کے دوران مقابلہ برابر رہنے کے باعث فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ پینلٹی شوٹ آؤٹ میں یوتھ ہاکی کلب الیون کے گول کیپر نے بہترین گول کیپنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث یوتھ ہاکی کلب الیون نے فائنل 5-6 سے جیت لیا، پینلٹی شوٹ آؤٹ میں فاتح ٹیم کے نعمان خان، وسیم اسلم اور فہیم خان گول کرنے میں کامیاب رہے جبکہ حنیف خان الیون کے اذلان خان، اور عاصم نے گول کئے۔ فائنل کے اختتام پر اولمپیئن جہانگیر بٹ مرحوم کے صاحب زادے ارقم بٹ نے اولمپئنز حنیف خان، ناصر علی، افتخار سید، احمد عالم، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ماجد، سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین اور انٹر نیشنل ہاکی پلیئر پرویز اقبال کے ہمرہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، بہترین کھیل کے باعث فاتح ٹیم کے گول کیپر عبدالرافع کو ریلائنس پینٹ مین آف دی فائنل کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔