تازہ ترین
Home / اہم خبریں / ملائیکہ کے اغواء کو 6 ماہ ہوچکے ہیں، پولیس بازیابی کے لئے تیز ترین اقدامات کیوں نہیں کر رہی؟۔ چیف آرگنائزر پی ڈی پی طارق چاندی والا

ملائیکہ کے اغواء کو 6 ماہ ہوچکے ہیں، پولیس بازیابی کے لئے تیز ترین اقدامات کیوں نہیں کر رہی؟۔ چیف آرگنائزر پی ڈی پی طارق چاندی والا

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے 6 ماہ قبل چاندنی چوک، اپر گزری سے اغواء ہونے والی 16 سالہ ملائیکہ کی عدم بازیابی پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ کلفٹن انویسٹی گیشن پولیس کیا کر رہی ہے؟ ملائیکہ کے اغواء کو 6 ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے، اس کے والدین کا رو رو کر برا حال ہے اور پولیس کی جانب سے روایتی سست روی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ہوم سیکریٹری، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے واقعہ کا نوٹس لینے، کیس کے آئی او سے سختی کے ساتھ باز پرس کرنے اور ملائکہ کی بازیابی کے لئے سخت ترین اقدامات کا مطالبہ کرتی ہے۔ وہ گذشتہ روز ملائکہ کے گھر چاندنی چوک، اپر گزری پر ان کے والدین اور بھائی سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاسبان گزری و ڈیفنس کے آرگنائزر میاں ریاض، گزری کے صدر شہباز مغل و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اغواء ہونے والی 16 سالہ ملائیکہ کی والدہ نے پاسبان رہنماؤں کو بتایا کہ میں گھروں میں کام کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتی ہوں۔ مورخہ 10 اپریل 2021 کو اپنی بیٹی ملائیکہ کو کام پر لے کر جانے والی تھی کہ اسی دوران ملائیکہ کے فون پر کال آئی۔ میں نے ملائیکہ سے پوچھا کس کا فون ہے؟ بیٹی نے بتایا کہ شہزاد کا فون ہے۔ ہم گھر سے نکلے، میں آگے چل رہی تھی، تھوڑا آگے چل کر میں نے پیچھے پلٹ کر دیکھا تومیری بیٹی غائب تھی۔ میں واپس گھر آئی، بیٹی گھر پر بھی نظر نہیں آئی۔ اس کا فون بھی بند ملا۔ میں نے اور میرے بیٹے عابد نے ملائیکہ کو بہت تلاش کیا، پر وہ کہیں نہ ملی۔ میری بیٹی کو اغواء کرلیا گیا ہے۔ تلاش میں ناکامی پر ہم نے کلفٹن تھانہ میں بیٹی کے اغواء کی ایف آئی آر نمبر 166/2021 درج کروائی۔ ملائیکہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ملائیکہ کے پاس اس کا فون بھی موجود ہے جسے سی پی ایل سی کے ذریعے ٹریس کرکے معلومات اور اس تک رسائی حاصل کی جاسکتی تھی لیکن غریب ہونے کی وجہ سے میری بیٹی کی بازیابی کے لئے تیز ترین اقدامات نہیں کئے گئے۔ ملائیکہ جب سے اغواء ہوئی ہے میں میرے شوہر اور بچے روزانہ راتیں رو رو کر گزارتے ہیں اور اس کی بازیابی کے لئے دعائیں کرتے ہیں۔ ملائیکہ کے بھائی عابد کا کہنا ہے کہ میری بہن کے اغواء کو 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ ایف آئی آر کے ابتدائی آئی او ابدال نے کچھ ملزمان کو گرفتار کیا تھا جنہوں نے اعتراف جرم بھی کر لیا تھا لیکن ہمارے علم میں یہ بات آئی کہ آئی او ابدال نے ان ملزمان سے ساز باز کر کے انہیں رہا کر دیا۔ عابد کا کہنا ہے کہ روزانہ تھانے کے چکر لگاتا رہتا ہوں لیکن پولیس والے صرف تسلی دیتے ہیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مظلوم خاندان کو یقین دلایا کہ پاسبان ان کی بیٹی کی بازیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے گی۔ 

About admin

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کا مقامی کاٹن بنولے کے سیزن سے پہلے ہی امریکہ اور برازیل سے کپاس کی بڑی خریداری کا فیصلہ

کراچی: پاکستان کی کپڑا سازی کی صنعت نے مقامی اوٹائی کا موسم پوری طرح شروع …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے