کراچی/ بدین (رپورٹ: ذیشان حسین) جمعیت علماء اسلام نندو بدین کے زیر اہتمام عوامی کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماءاسلام سندھ کے سکیریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ عمران خان کے دن گنے جاچکے، عمران اور پاکستان دونوں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ہم عمران اور اس کے اقتدار کی وجہ سے ملک کو مزید امتحان میں نہیں ڈال سکتے۔ ہم ملک کے بائیس کروڑ عوام کو نااہل نالائق اور یوٹرن لینے والے سلیکٹڈ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ضمیر فروش حکمرانوں کا وقت پورا ہوا چاہتا ہے، صوبے بھر کی طرح بدین کے عوام نے بھی فیصلہ دے دیا ہے کہ وہ جمعیت علماء اسلام پر اعتماد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اب بات واضح سندھ میں متبادل قوت صرف اور صرف جمعیت علماء اسلام ہی ہے، جو اقتدار میں آکر سندھ، نوجوانوں کے قاتل، وسائل بیچنے والے، بچیوں کی عزتوں سے کھیلنے والے، قرآن مجید کو گولیاں مارنے والے، مساجد کو بلڈوز کرنے والوں اور تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے گھر کرنے والے حکمرانوں سے دو دو ہاتھ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی مائی کا لعل عوام کا راستہ نہیں روک سکتا، اب کوئی طاقت ووٹ چوری کرنے کی جرأت نہیں کرسکتی جو ایسا کرے گا ہم اس سے نمٹیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 13 نومبر ہفتے کو کراچی میں مہنگائی کے خلاف تاریخی مظاہرہ ہوگا جس سے قائد پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن سمیت و دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، اور بعد ازاں 27 نومبر کو لاڑکانہ اسٹیڈیم میں سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد ہوگا۔ اس موقع پر جمعیت کے مرکزی سالار عبدالرزاق عابد لاکھو، مولانا فتح محمد مہیری، مولانا محمد عیسی سموں، مولانا عبدالواحد منگریو، مولانا گل حسن زؤر، مولانا صبغت اللہ و دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔