کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ڈاکٹر صغیر احمد، وسیم آفتاب، سلیم تاجک اور سیف یار خان نے اپنے مشترکہ جاری بیان میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونئر عامر خان کا ڈاکٹر عشرت العباد کے بیان پہ مثبت رد عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کراچی کے مسائل کا حل مذید تقسیم ہونے میں نہیں بلکہ ایک ہونے میں ہے۔ کراچی شہر کا مینڈیٹ اور کراچی کی عوام کو دیوار سے لگانے کی تیاری کی جاچکی ہے۔ ہم اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو لائق تحسین سمجتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ قومی مسائل کے حل کے لئے ڈاکٹر عشرت العباد، ڈاکٹر فاروق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو ذمہ دار کردار ادا کرنا چاہیے۔ الیکشن سے پہلے ہم نے ایک ہوکر کراچی کے مسائل کے حل کے لئے آواز نہیں لگائی اور اس میں عوام کو شامل نہیں کیا تو سب کچھ ماضی کی یاد بن کے رہ جائے گا۔ سنگین صورتحال سے باہر آنے کے لئے مشترکہ جدوجہد کے سوا کوئی راستہ نہیں ماضی میں بھی بہترین حکمت عملی صلاحیت و یکجہتی کی بنیاد پہ ہم مشکلات میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اپنے اتحاد کی بنیاد پہ ہی ہم کراچی سے کشمیر اور گلگت بلدستان تک کامیاب ہوئے۔ ڈاکٹر عشرت العباد، ڈاکٹر فاروق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو قوم کو مشکلات سے نکالنے کے لئے قدم بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہر گزرتے وقت کے ساتھ مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اگر ہم نے قوم کے وسیع تر مفاد میں مثبت قدم بڑھانے سے اجتناب کیا تو سب کچھ کہانی میں تبدیل ہوجائے گا۔ یکجہتی کا راستہ نہیں اپنایا گیا تو باقی ماندہ عوامی مینڈیٹ بھی چھین لینے کی تیاری مکمل ہے۔ تمام عوام وکارکنان بھی قومی یکجہتی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ کراچی اور عوام کا باہم دست و گریباں ہوکر بہت نقصان ہوگیا ہے عوام کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے جو تمام شہری سندھ کی آواز ہے۔