کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے نائب صدر مرزا مقبول اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے سید خورشید احمد شاہ کو دو سالہ قید و بند کے بعد ضمانت پر رہائی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل اور نالائق سلیکٹیڈ حکومت نے آنے کے ساتھ ہی اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنا کر اس کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس موقع پر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلٰی قیادت سے لے کر اس کا ایک ایک کارکن سیاسی انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ مجھ سمیت پارٹی کے جن جن رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات نیازی نیب گٹھ جوڑ کے تحت بنائے گئے ہیں ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور انشاءاللہ ہم سرخ رو ہوں گے۔