کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے رحیم یار خان کے بھونگ میں واقع سدھی ونایک مندر پر شر پسندوں کی جانب سے حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مندر پر حملہ ریاست کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے ہمارا آئین اور ہمارا دین بھی ہمیں اقلیتوں کے تحفظ کا حکم دیتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ دو درجن سے زائد افراد نے سدھی ونایک مندر پر ہلہ بولا جبکہ ہمارا مذہب ہمیں اس چیز کی اجازت نہیں دیتا پاکستان تمام مذاہب کے احترام کا ملک ہے اور ہمارے وطن عزیز میں کسی بھی ملک سے زیادہ اقلیتیں محفوظ ہیں، پاکستان میں بسنے والے لوگ چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں وہ لوگ پاکستانی ہیں اور اس ملک کے شہری ہیں، انہوں نے کہا کہ اس شر پسندانہ واقعے کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے جب سے وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پوری دنیا میں آواز اٹھائی ہے تب سے بھارت کسی نہ کسی طرح پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کا معاملہ دب جائے اور پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں الجھا رہے، بھارت پاکستان میں کسی بھی طریقے سے مذہبی، لسانی اور دیگر بنیادوں پر فسادات کروانا چاہتا ہے کیونکہ اس وقت پاکستان کی مستحکم ہوتی پوزیشن بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھارہی، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے موقف نہ صرف پوری دنیا میں سنا جاتا ہے بلکہ پاکستان کی بات کو اہمیت بھی دی جاتی ہے جس کی اہم وجہ پاکستان کی مضبوط خارجہ پالیسیاں ہیں اور ہمارے وزیرخارجہ کی کاوشوں سے مختلف ممالک کے ساتھ ہمارے بہتر اور دوستانہ بنیادوں پر بننے والے تعلقات ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے دیگر مذاہب کے لوگوں کی مقدس مقامات یا عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کا فائدہ صرف بھارت کو ہوسکتا ہے بھارت ایسے گمراہ کن واقعات کو بنیاد بناکر پاکستان مخالف مہم چلانا چاہتا ہے ماضی میں بھی شہر قائد سے انڈیا کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ پکڑے گئے ہیں اس لیے اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ رحیم یار خان مندر میں ہونے والے واقعے کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں کم علم، مفاد پرست اور دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے لوگ موجود ہیں لیکن دشمن کچھ بھی کر لے وہ نہ ہمارے درمیان نفرت کا بیج بو سکتا ہے اور نہ ہی ہمارے ملک کی ترقی کے عمل کو روک سکتا ہے۔