سانگھڑ (رپورٹ: رضوان احمد غوری) سانگھڑ ضلع انتظاميہ نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے سلسلے میں ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی ہے جس کے تحت اہم شہروں میں خفیہ کیمرے لگانے، چکاس کا عمل تیز کرنے، مجلسوں اور ماتمی جلوسوں کے راستے پر سخت پیٹرولنگ کرنے، کورونا وائرس کے متعلق ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد، صفائی ستھرائی کے مکمل انتظامات کرنے اور ضلع بھر کی صورتحال کی نگرانی کے لئے ڈی سی اور ایس ایس پی آفس میں ایک ایک کنٹرول روم قائم کرنا شامل ہے، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی زیر صدارت آج ان کے دفتر میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ علی، ضلع بھر کے حکام، مختلف مذہبی جماعتوں کے علماء اکرام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دنوں میں امن امان برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے جبکہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی بہتر انتظامات کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور تمام راستوں پر چکاس کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تمام ماتمی جلوس کے راستوں کی صفائی اور سبیل کا اہتمام کیا جائے گا انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں پر طبی کیمپ قائم کی جائے اور ضروری ادویات، ایمبولینس اور علمے کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے، اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ مختلف شہروں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار مقرر کئے جائیں گے جبکہ پاک آرمی کے جوانوں کو اسٹیڈ باۓ رکھا گیا ہے ضرورت محسوس ہونے پر ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے کورونا وائرس اور سیکیورٹی کے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جن پر مکمل عمل کیا جائے جبکہ بغیر اجازت والے ماتمی جلوس نہیں نکالے جائیں گے، اور ملکی حالات کے پیش نظر تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کے وقت کی پابندی کی جائے، انہوں نے کہا کہ مجالس میں لاؤڈ اسپیکر کا استعمال اتنا ہی کیا جائے جس کی ضرورت ہو۔