کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر تعلیم و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ان کے دفتر میں گلستان جوہر سمیت ڈسٹرکٹ ایسٹ کی مختلف یونین کونسل کے سینکڑوں کی تعداد میں ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، فرحان غنی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گلستان جوہر سے تعلق رکھنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے سیکٹرز و یونین کونسل کے ذمہ داروں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے اس موقع پر کہا کہ آج پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے اور اس کی وجہ عوام کا پیپلز پارٹی پر اعتماد میں اضافہ ہے۔ ہم نے ہمیشہ عوامی سیاست کی ہے اور پیپلز پارٹی کا منشور لسانی نہیں بلکہ عوامی سیاست ہے۔ کراچی کو لوگوں کو لڑانے اور سیاست کرنے والوں کے دن گنے جاچکیں ہیں۔ کراچی میں لسانی اور تعصب کی سیاست کا تابوت بن چکا ہے۔ عوام میں یہ تاثر عام کیا جاتا رہا کہ پیپلز پارٹی سندھیوں کی جماعت ہے لیکن اب یہ تاثر بھی دم توڑ چکا ہے۔ آج کراچی کے تمام اضلاع سے مختلف سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران، ایم پی ایز اور ایم این ایز کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ پیپلز پارٹی پر عوام کا اعتماد بلند ہورہا ہے۔ آج کراچی سے ہمارے 7 ایم پی ایز ہیں اور انشاء اللہ جس طرح پارٹی میں لوگ شریک ہو رہے ہیں آئندہ بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات میں ہم بڑا سرپرائز دیں گے۔ پیپلز پارٹی کا منشور عوامی خدمت ہے اور ہم سب مل کر نہ صرف اس منشور پر عمل پیرا ہوں گے بلکہ عوام کو اس کے ثمرات دیں گے۔