کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) چیئرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجنٹ ایسوسی ایشن سندھ سید طارق شاہ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک میں جب تمام شعبے کھل چکے ہیں تو تعلیمی ادارے مزید بند کرنے کا قطعی کوئی جواز نہیں۔ ہم وزیر تعلیم سندھ سعید غنی، وزیر اعلی مراد علی شاہ سندھ، وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس سپریم کورٹ گلزار احمد صاحب سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتے ہیں اس ملک میں تعلیم کو تعلیمی نظام کو مکمل تباہی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں ایسا نہ ہو آنے والی نسل ہمیں کبھی معاف نہ کرے۔ نجی تعلیمی ادارے ایسی جگہ ہیں جہاں ایس او پیز کو ملک کے دوسرے شعبوں سے زیادہ بہتر انداز میں فالو کیا گیا تمام کلاسز کے لیے ایس او پیز کے ساتھ فوری طور پر کھولنے کی اجازت دی جائے۔ وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم کے متفقہ فیصلہ کے مطابق دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی فزیکل کلاسز شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ سندھ میں تعلیمی معاملات کے شیڈول کے لئے اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے۔ تعلیمی عمل جائزے کے بغیر مکمل نہیں ہوتا لہذا تمام کلاسز کا امتحان ہونا چاہیے پہلی تا آٹھویں جماعت کے امتحانات لازمی طور پر ہونے چاہییں۔ نہم و دہم کے امتحان کے طریقے کار سہل انداز میں متعلقہ بورڈز کے تحت فوری واضح کیا جائے۔ الحمدللہ ملک بھر میں کورونا کے حوالے سے صورتحال بہت بہتر ہے اب بار بار فیصلے تبدیل کرنے کے بجائے فوری امتحانات کا حتمی شیڈول جاری کیا جائے۔ اپسما کی درخواست پر ویکسینیشن اساتذہ کو ترجیح بنیاد پر لگانے کے فیصلے پر این سی او سی کے شکرگزار ہیں۔