راجن پور (بیورو رپورٹ) تین ہزار روپے ماہانہ امداد”اونٹ کے منہ میں زیرہ“ دینے کے مترادف ہے، کورونا کے خلاف پوری قوم متحد ہے، حکمران قومی سلامتی کے لئے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں، لاک ڈاؤن کی آڑ میں عوام کو بیروزگار نہ کیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کی جائے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی رہنماؤں مفتی ارشاد احمد حقانی، مفتی محمد عمر خان گورمانی، مولانا محمد فہد خان کھوسہ، مولانا قاضی انعام باری و دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب سے دیہاڑی دار مزدوروں کے لئے تین ہزار روپے کا جو امدادی پیکج دیا ہے موجودہ مہنگائی کے دور میں یہ امداد اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کے بعد چینی عوام دوبارہ میدان عمل میں اتر آئی ہے مگر ہمارے نااہل حکمران کورونا کی دہشت سے باہر نہ نکل پائے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی اور ناقص منصو بندی کے باعث کورونا کی وبا قابو سے باہر ہوتی دکھائی دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکو مت کورونا جیسی وباء کے خلاف منصو بہ بندی اور ملکی معیشت میں بہتری کے لئے اپوزیشن کو مشاورتی عمل میں شریک کرے تاکہ ملک کو جاری بحران سے نجات دلائی جاسکے۔ اس موقع پر مولانا طیب گجر، ابرار حسین قریشی، مولانا طلحہ خان گورمانی، قاری محمد اسامہ گورمانی سمیت دیگر موجود تھے۔
![]()