کوئٹہ (رپورٹ: محمد حمیر قاضی) صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ٹھوس اور جامع اقدامات کر رہی ہے۔ اس کے لئے نوکریوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ٹیکنیکل تعلیم اور مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں جتنے بھی ہنر سکھانے والے ادارے ہیں ان کو جدید بنایا جا رہا ہے۔ ہمارا مقصد ہے جو طلبہ ان اداروں سے ٹیکنیکل تعلیم حاصل کریں وہ اپنا روزگار خود پیدا کریں اور کسی کا محتاج نہ ہوں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور انہیں زیادہ مراعات دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے ہم نے محکمہ تعلیم میں 10 ہزار لوگوں کو روزگار دیا اور 5 ہزار آسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت و افرادی قوت میں بھی ہزاروں آسامیاں خالی ہیں ان پر بھی جلد بھرتیوں کا عمل شروع کریں گے۔ حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ صوبائی حکومت جام کمال کی قیادت میں صوبے کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے ہے اور انفراسٹرکچر پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ کیونکہ ذرائع آمدورفت کو بہتر بنا کر صوبے کو ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے اس وقت حلقہ انتخاب سمیت صوبے بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور الیکشن کے دوران جو وژن اور وعدہ لیکر آئے ہیں انشاء اللہ ان پر من و عن عمل کریں گے۔
![]()