کوئٹہ (رپورٹ: شاہد عمران چشتی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ترقی جہاں بھی ہو اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچتا ہے، سمنگلی فلائی اوور کے منصوبے کی تکمیل سے سمنگلی اور ملحقہ آبادی کے لوگوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمنگلی فلائی اوور کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزراء و ارکین اسمبلی اور ایئر وائس مارشل عباس گھمن نے بھی تقریب میں شرکت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذرائع آمدورفت کے فروغ سے ترقی کے نئے راستے کھلتے ہیں، اس وقت صوبے کی ترقیاتی ضروریات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے تقاضوں کے مطابق بھی گوادر سے کوہلو تک سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن کی تکمیل سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور امن دونوں اہم ہیں، لہٰذا جہاں بھی سیکیورٹی مقاصد کے لئے ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کی معاونت درکار ہوگی ہم مکمل تعاون کریں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کی بہتری سے ترقیاتی عمل میں بھی تیزی آئی ہے اور آج صوبے کا کوئی بھی علاقہ ایسا نہیں جہاں سیکیورٹی یا کسی اور وجہ سے ترقیاتی عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہو، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سمنگلی ایئر بیس ملک کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ اپنے منفرد محل وقوع اور پرکشش نظاروں کے باعث بھی اہمیت کی حامل ہے اور خاص طور سے بلوچستان کے لوگوں کو سمنگلی ایئربیس سے خاص انسیت ہے، انہوں نے کہا کہ یقینا ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ایئر فورس کے افسران اور اہلکاران بھی سمنگلی ایئر بیس سے واپس جاتے ہوئے کوئٹہ میں اپنے عرصہ تعیناتی کو یاد رکھتے ہوں گے، قبل ازیں بیس کمانڈر ایئرکموڈور زبیر احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا تخمینہ لاگت 260 ملین روپے ہے جسے جون 2021 تک مکمل کرلیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے سمنگلی اور گرد و نواح کی آبادیوں کو بلا رکاوٹ آمدورفت کی سہولت مل سکے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی، پی اے ایف بیس پہنچنے پر ایئر وائس مارشل، بیس کمانڈر اور دیگر افسران نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔
![]()