میرپورخاص/ میرواہ گورچانی (رپورٹ: ایم ہاشم شر) گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میرواہ گورچانی میں 38 برس تک درس و تندرس کے مقدس شعبے سے وابستہ رہنے والے استاد محترم میؤ محمد اسحاق راجپوت گزشتہ روز ریٹائرڈ ہوگئے اس موقع پر استاد محترم کو خراج تحسین پیش کرنے کے ایک سادہ مگر پر وقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پ ٹ الف کے رہنما محمد یعقوب نہڑی تھے اس موقع پر سپروائزر عبدالواحد ہالیپوٹو، ہیڈ ماسٹر محمد یوسف خلجی مڈل اسکول کے ہیڈ ماسٹر سید محمد علی شاہ، شجاع آباد پریس کلب میرواہ گورچانی کے صدر محمد اسماعیل خلجی اور دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد یعقوب نہڑی نے کہا کہ درس و تندرس پیغمبری پیشہ ہے والدین کے بعد سب سے بڑا رتبہ استاد کا ہے آج اگر ہم استاد ہیں یا ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، صحافی غرض یہ کہ جس شعبہ میں بھی کام کر رہے ہیں یہ سب استاد کی ہی مرہون منت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد یوسف خلجی نے سر محمد اسحاق میؤ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کہ انہوں نے بڑی محنت لگن اور محبت کے ساتھ خدمات سرانجام دیں ان کی تعلیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ کرام اور شجاع آباد پریس کلب میرواہ گورچانی کے صدر محمد اسماعیل خلجی نے سر محمد اسحاق میؤ کو پھولوں کے ہار، اجرک اور دیگر تحائف پیش کئے تقریب کے آخر میں ان کے اعزاز میں ایک پر تکلف ظہرانہ دیا گیا۔
![]()