ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ میں ٹماٹر کی ایک بار پھر اونچی اڑان، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت 100 روپے سے بڑھ کر 160 روپے فی کلو تک جاپہنچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹماٹر کی قیمت 100 روپے فی کلو رہنے کے بعد دوبارہ 160 روپے فی کلو سے تجاوز کرگئی ہے، ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر کچے ٹماٹر بھی مارکیٹ میں پہنچ گئے۔ واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دو سو روپے فی کلو سے تجاوز کرنے کے بعد گزشتہ دو ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں استحکام رہا اور مارکیٹ میں ٹماٹر 70 سے 80 روپے فی کلو فروخت ہو تے رہے لیکن دو روز قبل ٹماٹر کے نرخ بڑھنا شروع ہوگئے اور ٹماٹر مارکیٹ میں دوبارہ 160 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے، منافع کے چکر میں کاشتکاروں نے کچے پکے ٹماٹر بھی مارکیٹ میں پہنچا دئیے ہیں، دوسری طرف ٹماٹر کا سرکاری نرخ مقرر کردیا گیا ہے لیکن ڈیرہ اسماعیل خان بھر میں کسی بھی مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر ٹماٹر دستیاب نہیں، دکانداروں نے صرف سرکاری نرخ نامہ آویزاں کر رکھا ہے جس کی وجہ سے نرخ کے معاملے پر دکانداروں اور عوام کے درمیان بھی جھگڑے ہونے لگے، ذرائع نے بتایا کہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملوں کی وجہ سے پیداوار میں کمی واقع ہوئی اس دوران ملاکنڈ ڈویڑن کے ٹماٹر مارکیٹ میں سپلائی کئے گئے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں استحکام آیا لیکن سٹاک ختم ہونیکی وجہ سے دوبارہ بحران شدید ہو رہا ہے جس کے خاتمے کیلئے اقدامات تجویز کئے جارہے ہیں۔
![]()