ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان شہر بھر میں کرسمس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، بازاروں میں بھی خریداروں کا رش بڑھ گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد کرسمس کے حوا لے سے خرید و فروخت میں مصروف، تفصیلات کے مطابق دسمبر کے آتے ہی کرسمس کی تیاریاں جوش و خروش سے شروع ہو جاتی ہیں۔ جیسے جیسے کرسمس قریب آرہا ہے ڈیرہ اسماعیل خان کے بازاروں میں بھی گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے۔ بازار زیبائش اور آرائش کی چیزوں اور رنگ برنگی لائٹس سے سجا ہوا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد کرسمس اور نیو ائیر منانے کی تیاریاں کرنے میں مصروف ہے۔ مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ کرسمس کا تہوار ان کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ شہریوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے دکان داروں نے خصوصی اسٹالز بھی لگا رکھے ہیں، ان اسٹالز پر کرسمس کے حوالے سے گھروں کو سجانے کے لیے مختلف اقسام اور مختلف دھاتوں کا بنا سامان
موجود ہے۔ دکانوں پر کرسمس ٹری کے لوازمات بھی بڑھ جاتے ہیں کرسمس ٹری پر سجانے کے لیے ننھے سانتا کلاز، ستارے سنہری گھنگرو اور قسم قسم کے تحائف کے ڈبے بھی کھول دیے جاتے ہیں۔ گاہک من مرضی کی چیزیں تلاش کرنے آن پہنچتے ہیں۔ تاہم کہیں کہیں بڑھتی مہنگائی کے باعث سجاوٹی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ نظر آرہا ہے جس سے کچھ گاہک بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ دوسری جانب دکاندار کا کہنا ہے کہ ان سجاوٹٰی اشیا کی مہنگے داموں دستیابی ان کے بس سے باہر ہے موجودہ حکومت کا اس مہنگائی میں خاصا کردار ہے۔ مہنگائی نے اگرچہ خرید متاثر کی ہے مگر مسیحی بھائی اس بار پھر کرسمس بھرپور طریقے سے منانے کے لیے پر عزم ہیں۔
![]()