ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) واحد محمود کی جانب سے بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 21 ٹریفک وارڈنز کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں ڈی پی او آفس میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ایس پی نجم الحسنین، ڈی ایس پی سٹی اقبال خان، انچارج ٹریفک فضل الٰہی اور ٹریفک وارڈنز انعام یافتہ افسران اور اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ ضلعی پولیس سرابرہ کپیٹن (ر) واحد محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک وارڈنز پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے نگہبان کی حیثیت سے عوامی توقعات پر پورا اترنے میں بھرپور کردار ادا کریں اور خدمت کو نصب العین بنا کر اپنے پیشہ وارانہ فرائض جانفشانی سے انجام دیں۔ ٹریفک کی مد میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور بد دیانتی سے گریز کرتے ہوئے عوام کو فراہم کردہ خدمات میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ اپنی تمام تر توجہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے پر مرکوز رکھیں اور ڈرائیوروں کو بے جا تنگ کرنے سے اجتناب کریں۔ ڈی پی او ڈیرہ نے ٹریفک وارڈنز کو مزید تاکید کی کہ کمسن ڈرائیوروں کی حوصلہ شکنی یقینی بناتے ہوئے پہلے سلام پھر کلام کی حکمتی عملی کے ذریعے لوگوں میں ٹریفک قوانین کے بارے شعور اجاگر کریں اور انہیں ٹریفک کے اصولوں پر کاربند رہنے کا پابند بنائیں۔ تقریب سے خطاب میں ضلعی پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ بہترین پولیسنگ کا اصلی پیمانہ عوام کی طمانیت اور اعتماد کا حصول ہے اور پولیس افسران و اہلکاروں پر لازم ہے کہ وہ عوام کو پر امن ماحول اور بہتر سہولیات فراہم کرکے وابستہ عوامی توقعات پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کرکے ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ کیونکہ عوامی خدمت کے لیے پولیس کو دی گئی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کسی طور قابل قبول نہیں۔ تقریب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمود نے پیشہ وارانہ خدمات میں نمایاں کارکردگی کے حامل ٹریفک وارڈنز، افسران و اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
![]()