بیجنگ (نوپ نیوز) دنیا بھر کی طرح چین میں بھی پاکستان کا 71 واں یوم آزادی بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی سفیر نے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خالد نے کہا کہ 25 جولائی کو ہم نے اپنی سیاسی تاریخ اور جمہوری عمل کا ایک اہم باب تکمیل کو پہنچایا ہے اس کے ذریعے ملک میں استحکام آئے گا اور ترقی کا عمل تیز ہوگا، چین اور پاکستان کے تعلقات کو برابر عروج کی طرف جاتے ہوئے دیکھ رہے ہیں ہمارے مخالفین اور دشمنوں کی مسلسل کوشش ہے کہ سی پیک میں رخنہ آئے اور چین پاکستان تعلقات میں بدگمانی بڑھے لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے کیونکہ چین اور پاکستان انکے ارادوں سے آگاہ ہیں، دونوں ملک ہمیشہ کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم مل کر ان چیلنجز کا سامنا کریں گے۔ مسعود خالد نے کہا کہ میں اپنی اور سفارتخانے کی طرف سے چین میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کے اس پرمسرت موقع پر دلی مبارکبا د پیش کرتا ہوں تمام پاکستانیوں کیلئے اور چین میں رہنے والے پاکستانیوں کیلئے یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ہم چین اور پاکستان کے تعلقات کو برابر عروج کی طرف جاتے ہوئے دیکھ رہے ہیں ۔آج یہ تعلقات بہت جامع ا ور وسیع ہیں چین ہمارا قریبی ہمسایہ اور قابل اعتماد ساتھی ہے پہلے کی طرح آج بھی چین ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔ انھوں نے کہاکہ سی پیک ایک حقیقت ہے جس کے ثمرات ہم آج پاکستان کی معاشی ترقی میں دیکھ رہے ہیں ملک میں بجلی کے بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انفراسڑکچر اور بڑے روڈ پرواجیکٹس پر عمل ہورہا ہے پچھلے چند سالوں میں سی پیک کی بدولت تقریبا 60 سے 70 ہزار مقامی لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ پچھلے سال پاکستان کی جی ڈی پی کا گروتھ ریٹ بہت زیادہ 5.9 فیصد پچھلے نو سالوں کے مقابلے میں تھا یہ سب چین کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں ہو اہے۔ یہاں پر ہمارے طالب علموں کی تعداد 25 ہزار ہے پاکستان وہ ملک ہے جسے چین سب سے زیادہ سکالر شپس دے رہا ہے۔ پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ سی پیک ایک لانگ ٹرم منصوبہ ہے اور یہ جیسے جیسے آگے بڑھے گا ملک میں خوشحالی کا عمل تیز ہوگا اور علاقے میں امن آئے گا۔ مسعود خالد نے کہا کہ چین میں رہنے والے اپنے ہم وطنوں سے درخواست ہے کہ وہ چین اور پاکستان کی دوستی کی ترویج کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں آپ چین میں پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں اور یہ ثابت کرکے دکھائیں کہ آپ دنیا کی بہترین قوم ہیں جوکہ قائد اعظم کے سنہری اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کرتی ہے اور یہ ثابت کرکے دکھائیں کہ ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکتے ہیں اور وقار کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں برابر کے شریک ہیں۔ حکومت پاکستان نے بڑا میگا پراجیکٹ دیامر بھاشا ڈیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اس کیلئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کوئی بھی اگر اس کیلئے چندہ دینا چاہے تو وہ دے سکتا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس کے پاکستانی معیشت کیلئے دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔اس سلسلے میں پاکستانی سفارتخانے نے بھی خصوصی اکاؤنٹ کھولا ہے اگر کوئی چندہ دینا چاہتا ہے تو وہ ہماری ویب سائٹ پر تفصیل دیکھ سکتا ہے۔ سب کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں اورملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے آپ کے ساتھ مل کر دعا گو ہوں۔ اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستانی سفیر مسعود خالد نے قومی پرچم لہرایا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور بعد ازاں بیجنگ میں واقع سکولوں میں پڑھنے والے پاکستانی بچوں نے ملی نغمے بھی پڑھے۔ تقریب میں سفارتخانے کے عملے کے اراکان، پاک فوج کے افسران اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی ۔
![]()
![]()
![]()