ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کے مختلف ڈویژنز میں غریب اور نادار افراد کیلئے لنگر خانوں کا قیام ایک احسن اقدام ہے جس سے بیشتر مستحق لوگ مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج شیلٹر ہوم ڈیرہ میں بحیثیت مہمان خصوصی لنگر خانے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈہ پور بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم ہونے والے پہلے لنگر خانے کے افتتاح کے موقع پر کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا کہ شیلٹر ہوم اور لنگر خانے کے قیام جیسے اقدامات اٹھانے میں وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جبکہ ڈیرہ میں قائم شوگر ملز منیجمنٹ کی جانب سے تعاون کرنے پر انکے مشکو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر 200 کے قریب افراد کا روزانہ کی بنیاد پر لنگر خانے میں طعام کا بندو بست کرنا انتہائی خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ آنے والے اٹنڈنٹس کیلئے اکثر اوقات رہائش و طعام وغیرہ کے مسئلہ درپیش رہتا ہے اور لوگ کھلے آسمان تلے سونے پر مجبور ہو جاتے ہیں تاہم ان جیسے مجبور اور دیگر مستحق لوگوں کیلئے یہ شیلٹر ہوم اور لنگر خانہ مدد گار ثابت ہوگا اور امید ہے وقت کے ساتھ اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیلٹر ہومز اور لنگر خانوں جیسے اقدامات وزیراعظم پاکستان عمران خان کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس لنگر خانے میں ایک وقت کا کھانا میسر ہوگا جبکہ انشاء اللہ جلد ہی یہاں تین وقت کا کھانا میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا یہ حکومت کی جانب سے کوئی احسان نہیں ہے بلکہ یہ حکومت کی ذمہ داریوں میں شمار ہوتا ہے اور مستحق لوگ اسے اپنا گھر سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیر ہ ایک ڈویژن ہے اور یہاں دور دراز سے لوگ محنت مزدوری کیلئے آتے ہیں اور جب مزدوری نہ ملے تو اکثر اوقات ان لوگوں کے پاس واپسی کیلئے پیسے بھی نہیں ہوتے جبکہ یہی حال ہسپتالوں میں داخل مریضوں کے ساتھ آنے والے اٹنڈنٹس کا ہوتا ہے تاہم ضرورت تو بہت پہلے سے تھی مگر موجودہ حکومت نے بروقت اس پر توجہ دی تاکہ غریب اور محنت کش لوگ اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔
![]()