Home / اہم خبریں / دارالامان لاہور جیسے واقعات ہمارے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ سوشل ویلفیئر، بیت المال اور جیلوں میں اصلاح کے معاملات کی تحقیقات کے لئے بااختیار کمیشن تشکیل دیا جائے۔ الطاف شکور

دارالامان لاہور جیسے واقعات ہمارے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ سوشل ویلفیئر، بیت المال اور جیلوں میں اصلاح کے معاملات کی تحقیقات کے لئے بااختیار کمیشن تشکیل دیا جائے۔ الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ دارالامان لاہور میں پیش آنے والے واقعے اور اس سے ملتے جلتے مسلسل پیش آتے رہنے والے ہزاروں واقعات ہمارے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، بیت المال اور جیلوں کے معاملات کی تحقیقات اور وسیع پیمانے پر قابل عمل اصلاحات کے لئے وفاقی حکومت فوری طور پر با اختیار کمیشن کے قیام کا اعلان کرے۔ بدعنوانی، ناانصافی، فراڈ، ذاتی مفاد ات کے حصول اور بے ضابطگیوں کے مرتکب افسران و اہلکاروں کو فارغ کر کے قرار واقعی سزائیں دی جائیں اور ان اصلاحات کے نتیجے میں آئندہ کرپشن اور لوٹ مار کے دروازے ہمیشہ کے لئے بند کئے جائیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں الطاف شکور نے کہا کہ پاسبان نے اس سلسلے میں پہلا قدم اٹھالیا ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر خلیل احمد آسی نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے سیکریٹری کو خط لکھ دیا ہے۔ پاسبان مزید حکمت عملی وضع کر رہی ہے۔ الطاف شکور نے کہا کہ دارالامان لاہور کی خاتون ڈائریکٹر افشاں لطیف نے جو حقائق بیان کئے ہیں وہ حکومت اور بیورو کریسی کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ دارالامان، بیت المال، کاشانہ، دارالفلاح، چلڈرنز ہومز، سنت زار اور جیلوں میں موجود اصلاح و تربیت کے شعبہ جات سمیت ملک بھر میں ہزاروں ادارے کام کر رہے ہیں۔ ضلعی سطح پر بھی ضلعی انتظامیہ بہت سارے اداروں کی کفالت کرتی ہے۔ جن میں اربوں اور کھربوں روپے کے عطیات وصول کئے جاتے ہیں۔ زیادہ زیادہ چندے اور عطیات کا نہ تو ریکارڈ ہے اور نہ ہی اس چندے میں یتیموں، بیواؤں، مفلوک الحال قیدیوں اور بے سہارا بچیوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔ دارالامان کی تحویل میں خواتین بالخصوص کم عمر بچیوں کو عیاش افسروں اور وزراء کے سامنے پیش کرنا ایسا گھناؤنا جرم ہے جس کی معافی نہیں دی جاسکتی۔ موجودہ پی ٹی آئی حکومت اصلاحات اور کرپشن کے خاتمے کا دعوی لے کر اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہوئی ہے لیکن جیسے ہی پنجاب پی ٹی آئی کے وزراء پر الزامات لگے حکومت نے تحقیقات کرنے کے بجائے شرمناک چُپ کیوں اختیار کر لی ہے؟ الطاف شکور نے کہا کہ ملک میں ہر سال بینکوں کے زریعے خطیر رقم کی زکوۃ کی کٹوتی کی جاتی ہے۔ اس زکوۃ اور عوامی جذبے کا استعمال لاہور دارالامان جیسے واقعات میں ہوتا ہے۔ اگر اب بھی اس کی تحقیقات اور تدارک نہ کیا گیا تو عوام کا رہا سہا اعتماد اٹھ جائے گا۔ 

About admin

یہ بھی پڑھیں

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود قیادت کریں گے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے