کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی انتظامیہ نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر کراچی میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی سربراہی میں ریسپانس ٹیمین کام کر رہی ہیں۔ ڈینگی کی صورتحال بدستور بہتر ہورہی ہے امید ہے کہ اگلے ایک ہفتہ میں ڈینگی کی صورتحال قابومیں آجاۓ گی۔ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے معائنہ کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انھوں نے برنس روڈ کراچی میں غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے نجی ادارہ کے زیر اہتمام منعقدہ ڈینگی بچاؤ کیمپ کو دورہ کیا۔ کمشنر کو اس موقع پر منتظمین نے ڈینگی کی تشخیص کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے کہا کہ کیمپ کا انعقاد ایک مثبت کوشش ہے۔ اس سے لوگوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی کوششوں میں مدد ملے گی اور لوگوں میں آگاہی پیدا ہوگی۔ کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ ڈینگی کی صورتحال بدستور بہتر ہو رہی ہے۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے افراد ملکر کام کر رہے ہیں۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ریسپانس ٹیمیں قائم کردی گئی ہیں جو بہتر کام کر رہی ہیں۔ کمشنر نے امید ظاہر کی کہ اگلے ایک ہفتہ میں صورتحال امید ہے قابو میں آجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی کیسز کی صورتحال مسلسل بہتر ہور ہی ہے۔ موسم بھی بہتر ہو رہا ہے پہلے تین سو کیسز روزانہ تھے اس کے مقابلہ میں اب روزانہ ایک سو سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے بھرپور آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ڈینگی سے بچاؤکی آگاہی مہم موسم اچھا ہونے اور ڈینگی کے خاتمہ کے باوجود جاری رکھی جائے اور کوشش کی جائے کہ سارا سال ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی مہم جاری رہے۔ اگلے سال کوشش کی جائے گی ڈینگی سے بچاؤ کی مہم طویل ہو۔ کم از کم آٹھ نو ماہ جاری رہے انھوں نے کہا کہ آگاہی مہم کو بھرپور بنانے میں غیر سرکاری تنظیوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹائر شاپس کی دکانوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی جگہ پانی جمع کرنے کی روک تھام کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
![]()