اسلام آباد (ویب ڈیسک ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ یادگاری سکہ جاری کردیا، بابا گرونانک کے جنم دن کی مناسبت سے 50 روپے کا سکہ جاری کیا گیا ہے۔ 50 روپے مالیت والے اس یادگاری سکے کے کے ایک رخ پر چاند ستارا جبکہ ایک رخ پر ننکانہ صاحب کی عمارت کی تصویر ہے۔ گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر اور سکھ رہنما سرداررمیش نے سکے کا افتتاح کیا گیا۔ گورنراسٹیٹ بینک رضا باقرنے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سکھ مذہب کے بابا گرونانک کے جنم دن کے حوالے سے یہاں جمع ہیں، یہ پہلا سکہ ہے جو کسی مذہبی شخصیت کیلئے جاری کیا گیا ہے، اسکی تین وجوہات ہیں، ایک یہ کہ قومی ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، سکہ جاری کرنا ہماری ذمہ داریوں میں آتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ گرونانک کا پیغام بھائی چارہ ہم آہنگی کا مسیج عام ہو، جب تک امن و امان نہیں ہوگا تو کچھ نہیں ہوسکتا، امن ہماری معیشت کیلئے ضروری ہے جو چیزیں امن کیلئے ہو اسٹیٹ بینک اس میں پیش پیش ہے۔ چیئرمین پاکستان سکھ کونسل سردارر میش نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکے کے اجراء سے 14 کروڑ سکھ براداری آپکی شکر گزار ہے، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، حکومت پاکستان کے مشکور ہیں جس نے ہمیں کرتارپور کا تحفہ دیا، ہم اسکا قرض نہیں اتار سکتے، اتنی جلدی کرتارپور کی تعمیر کرنا ناممکن تھا، جب میں وہاں موجود تھا تو میں اپنے جذبات بتا نہیں سکتا، دنیا بھر کے سکھ پاکستان کرتارپور آنے کیلئے ترستے ہیں، بابا گرونانک نے زندگی کے آخری 18 سال کرتارپور میں گزارے اور آخری آرام گاہ بھی انکی وہی ہے۔ سردار رمیش نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور ہمارے بابا کا بھی یہ پیغام ہے، ہم گورنراسٹیٹ بینک سے کہتے ہیں ہمیں زیادہ سے زیادہ سکے دیں تاکہ ہم اسے دنیا تک پہنچائیں، یہ وژن بابائے قوم قائد اعظم کا تھا جو عمران خان کی حکومت کررہی ہے۔
![]()